اداکارہ میرا سیٹھی نے کہا ہے کہ ان پر شادی کے لیے کسی قسم کا سماجی دباؤ نہیں تھا اور اس معاملے میں وہ اپنی ذات کے سوا کسی اور کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتیں۔
حال ہی میں اداکار و گلوکار احمد علی بٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں میرا سیٹھی نے اپنے کیریئر کے ساتھ ساتھ ذاتی زندگی اور طلاق کے تجربے پر بھی کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ طلاق سے انہیں سب سے اہم سبق یہ ملا کہ انسان کو اپنے جذبات یا دل کی آواز پر اندھا اعتماد نہیں کرنا چاہیے، اور نہ ہی کسی دوسرے کی خاطر اپنی شخصیت کو بدلنا چاہیے۔
میرا سیٹھی کا کہنا تھا کہ چاہے وہ شوہر ہو، دوست، مرد باس یا کوئی اور، لوگوں کو اکثر یہ پسند آتا ہے کہ آپ ان کی خاطر خود کو بدل لیں، لیکن حقیقت میں یہ درست رویہ نہیں ہے۔ ان کے مطابق یہی وہ دو اہم ترین اسباق ہیں جو انہوں نے اپنی زندگی سے سیکھے۔
اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی سے بہت کچھ سیکھا، مختلف تجربات حاصل کیے اور وقت کے ساتھ ان میں پختگی آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وہ یہ سب باتیں اس لیے اعتماد سے کر سکتی ہیں کیونکہ ان کی طلاق کو کئی سال گزر چکے ہیں اور وہ زندگی میں آگے بڑھ چکی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب کوئی خاتون حالات کے مطابق خود کو بدلنے یا سمجھوتہ کرنے سے انکار کرتی ہے تو اکثر لوگ کہتے ہیں کہ "لڑکی ایڈجسٹ نہیں کر سکی”، حالانکہ ہر شخص کو اپنی شناخت برقرار رکھنے کا حق حاصل ہے۔
میرا سیٹھی نے کہا کہ ان پر شادی کے لیے کوئی سماجی دباؤ نہیں تھا، بلکہ انہوں نے اس عمر میں شادی کی جسے معاشرہ عام طور پر شادی کے لیے موزوں سمجھتا ہے۔ ان کے مطابق یہ مکمل طور پر ان کا ذاتی فیصلہ تھا، جو محبت اور ایک مثالی تصور پر مبنی تھا، اس لیے وہ اس فیصلے کا الزام کسی اور پر نہیں ڈال سکتیں۔
واضح رہے کہ میرا سیٹھی نے 2019 میں امریکی ریاست کیلیفورنیا میں بلال صدیقی سے شادی کی تھی، تاہم دونوں نے 2023 میں علیحدگی اختیار کر لی تھی۔