عدالتی حکم پر سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک بھر کے بینکوں کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ غیر ارادی اور احتیاطی پابندیوں کے باعث بھی اکاؤنٹ ہولڈرز کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق کسی بھی بینک اکاؤنٹ پر ڈیبٹ بلاک، آپریشنل پابندی یا اکاؤنٹ منجمد کرنے کا اقدام صرف قانون کے مطابق کیا جا سکے گا۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی شہری کے اکاؤنٹ کے خلاف کارروائی قانونی اختیار اور مناسب تصدیق کے بعد ہی ممکن ہوگی۔
آن لائن حج پورٹل، ڈیڑھ لاکھ عازمین رجسٹرڈ
مرکزی بینک نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان احکامات پر مکمل عمل درآمد کے لیے مناسب اندرونی میکانزم تشکیل دیں تاکہ قانونی اختیار کے بغیر غیر ارادی یا احتیاطی پابندیوں سے اکاؤنٹ ہولڈرز کو غیر ضروری نقصان نہ پہنچے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ پہلے ہی بغیر قانونی اختیار اور مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے سے روک چکی ہے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے سٹیٹ بینک کو اندرونی میکانزم وضع کرنے اور متعلقہ ہدایات جاری کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد سٹیٹ بینک نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔