لاہور: یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے پاکستان میں روبوٹک سرجری کی تربیت کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے روبوٹک سرجری سیمولیشن سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یو ایچ ایس انتظامیہ کے مطابق یہ پیش رفت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور اور برطانیہ میں مقیم معروف روبوٹک سرجری ماہر پروفیسر ڈاکٹر متین شریف کے درمیان ملاقات کے بعد سامنے آئی۔ پروفیسر ڈاکٹر متین شریف حال ہی میں یو ایچ ایس کی سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نادیہ نسیم کے دورۂ برطانیہ کے نتیجے میں لاہور پہنچے ہیں۔
پاکستان نے کشمیر اور فلسطین کے حل طلب تنازعات کو عالمی امن کیلئے خطرہ قرار دے دیا
حکام کے مطابق یو ایچ ایس جناح کیمپس کالا شاہ کاکو میں روبوٹک سرجری سیمولیشن سینٹر قائم کیا جائے گا، جبکہ موجودہ پروفیشنل سکلز ڈویلپمنٹ سینٹر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ایک جدید تربیتی مرکز میں تبدیل کیا جائے گا۔
روبوٹک سرجری کی عملی تربیت یو ایچ ایس سے الحاق شدہ تدریسی ہسپتالوں میں فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر متین شریف نصاب سازی، تربیتی پروگراموں کی تیاری اور مختلف ورکشاپس کی نگرانی میں تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔
یو ایچ ایس نے پروفیسر ڈاکٹر متین شریف کو روبوٹک سرجری کے شعبے میں ایڈجنکٹ فیکلٹی مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ بین الاقوامی معیار کی تربیت اور جدید مہارتوں کی منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور نے کہا کہ پاکستان کی طبی ضروریات اور دستیاب وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے روبوٹک سرجری کا آغاز مرحلہ وار کیا جائے گا۔ ابتدا میں سرٹیفکیٹ کورسز، تربیتی ورکشاپس اور سیمولیشن ٹریننگ متعارف کرائی جائے گی، جبکہ مستقبل میں روبوٹک سرجری میں ماسٹرز پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یو ایچ ایس کا مقصد مستقبل کے سرجنوں اور ایم ایس گریجویٹس کو عالمی معیار کی روبوٹک مہارتیں فراہم کرنا ہے تاکہ ملک میں جدید جراحی سہولیات کو فروغ ملے اور مریضوں کو بہتر طبی خدمات دستیاب ہوں۔