پارلیمنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بنوں میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، معصوم لوگوں کو شہید کیا گیا، جس پر انہیں شدید افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اتحاد کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑیں تاکہ اس ناسور کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت اور افغانستان ملوث ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ سال شکست کے بعد افغانستان بھی بھارت کے ساتھ مل کر پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔
پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 70 کروڑ ڈالر قرض معاہدہ
انہوں نے کہا کہ ان کی رائے میں وقت آ گیا ہے کہ فیصلہ کن جنگ لڑی جائے اور دشمن کو شکست دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کسی بھی صوبے میں امن قائم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں امن کو خراب کرنے کی کوششیں بھی ناکام ہو چکی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں ایسے عناصر موجود ہیں جو بھارت کے اشاروں پر کشمیریوں کی قربانیوں کو فراموش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت بھی ظلم و ستم جاری ہے اور وہاں کی قیادت جیلوں میں ہے۔



