صدر مملکت آصف علی زرداری نے نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کی 78ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پوری قوم کی جانب سے اور اپنی ذاتی حیثیت میں وطن کے اس بہادر سپوت کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ جنگِ آزادی کشمیر کے دوران نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے تعداد میں کئی گنا زیادہ اور اضافی وسائل رکھنے والے دشمن کے شدید حملوں کو مستعدی اور دلیری سے ناکام بنایا۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے اپنے فوجی دستے کی کمان جاری رکھی اور دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
پیٹرولیم لیوی کا معاملہ، آئندہ 2 روز میں وزیراعظم اور امیر جماعت اسلامی کی ملاقات کا امکان
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے مادرِ وطن کی حرمت کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے شجاعت اور بہادری کی ایسی عظیم داستان رقم کی جو قومی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنے شہداء کا ہمیشہ مقروض رہے گا، کیونکہ قوم کے یہ عظیم سپوت ملک کی آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہیں۔ شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے حوصلے اور عزم کا سرچشمہ ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید نائیک سیف علی جنجوعہ، ہلالِ کشمیر (نشانِ حیدر) کی 78ویں برسی کے موقع پر پوری قوم ان کی مثالی بہادری اور جرأت مندانہ اندازِ شہادت پر انہیں دلی خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے 1948ء کی جنگ کے دوران دشمن کے شدید حملوں کا جوانمردی سے مقابلہ کیا اور جنگِ آزادی کے دوران تعداد اور وسائل کے زعم میں مبتلا دشمن کے حملوں کو مثالی دلیری سے ناکام بنایا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دورانِ جنگ زخمی ہونے کے باوجود نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے اپنے فوجی دستے کی بڑی بہادری سے کمان کی، دشمن کے خلاف آخری دم تک نبردآزما رہے اور بالآخر جامِ شہادت نوش کیا۔ دھرتی کے لیے ان کی لازوال قربانی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہید نائیک سیف علی جنجوعہ نے وادیٔ کشمیر کے فرزند ہونے کا حق ادا کیا، جبکہ ان کی تاریخی قربانی وطن سے ان کی لازوال محبت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون، جری جوانوں کا پختہ عزم اور پوری قوم کی اپنی دھرتی سے محبت بلاشبہ دفاعِ وطن، آزادی و سلامتی کے تحفظ اور خودمختاری کی ضمانت ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پوری قوم تمام شہداء کے جذبۂ حب الوطنی اور جانفشانی کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء وطن کے درجات بلند فرمائے۔ آمین۔



