اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان جنیوا میں ایران اور امریکا کے درمیان متوقع معاہدے کی دستخطی تقریب کا منتظر ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پیش رفت سفارتکاری کی کامیابی ہے اور پاکستان نے پورے عمل کے دوران تحمل، مذاکرات اور تعمیری روابط کی مستقل حمایت کی ہے۔
کسی تاجر کا طرز زندگی ظاہر آمدنی کے برعکس شاہانہ ہوا تو اس کا آڈٹ ہوگا: چیئرمین ایف بی آر
انہوں نے امریکا اور ایران کی قیادت کے اعتماد پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 19 جون کو جنیوا میں متوقع دستخطی تقریب کا منتظر ہے اور خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ ان کے مطابق پاکستان مذاکراتی عمل کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکا اور ایران کے پُرامن اور مذاکراتی طرزِ عمل کو سراہتے ہیں، جبکہ اقوامِ متحدہ اور عالمی شراکت داروں کے کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب، قطر، ترکیے اور مصر کی سفارتی کوششوں کو بھی قابلِ ستائش قرار دیا۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ امن معاہدہ ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے، جس سے خطے اور عالمی معیشت میں استحکام کی امید پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مثبت پیش رفت دیرپا امن اور خوشحالی کی راہ ہموار کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔