Gas Leakage Web ad 1

دعا گو ہیں جنگ کے خاتمے کی فیلڈ مارشل کی کوششیں کامیاب ہوں: بلاول بھٹو

0

سکردو میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری صورتحال کا بوجھ دنیا بھر کے عوام اٹھا رہے ہیں اور پیپلز پارٹی ہمیشہ جنگ کے خلاف اور امن کی حامی جماعت رہی ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس انتخابی مہم کے دوران ہمارے لیے سوگ کا ماحول بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں ایک اسکول پر میزائل حملے میں بچیاں شہید ہوئیں اور ایران میں خامنہ ای کو شہید کیا گیا، ان حالات کے باعث وہ پورے گلگت بلتستان میں انتخابی مہم نہیں چلا سکے۔

صدر(ن) لیگ نواز شریف ایک روزہ دورے پر گلگت بلتستان پہنچ گئے

انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کے دوران وہ گلگت بلتستان آئے تھے اور ہر تحصیل کا دورہ کیا تھا۔ ان کے مطابق ملک بھر میں کوئی اور سیاست دان ایسا نہیں جس نے ان کی طرح اتنے دورے کیے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق صرف سیاسی نہیں بلکہ نسلوں پر محیط ہے اور یہ رشتہ آئندہ بھی قائم رہے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی پسماندہ طبقات کی نمائندہ واحد جماعت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی معاشی پالیسی اور ترقی کا کیا فائدہ جس میں امیر مزید امیر ہوتا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا نظریہ ہے کہ حقیقی ترقی اس وقت ہوگی جب کسان اور مزدور ترقی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی تب ہی ممکن ہے جب نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں۔ ان کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اسلام آباد کا واحد پروگرام ہے جو ہر غریب کے گھر تک پہنچتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے خلاف مختلف سیاسی جماعتوں کی سازشیں ناکام ہوں گی اور آئندہ بجٹ میں وزیراعظم اس پروگرام کے لیے مزید اضافے کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم امہ میں صرف پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور اسی وجہ سے کوئی بھی پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ ان کے مطابق ایٹم بم کا تحفہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے دیا جبکہ میزائل پروگرام کی بنیاد شہید بینظیر بھٹو نے رکھی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کو فوجی طاقت بنانے میں بھی پیپلز پارٹی کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں دوسرے ممالک کے لیے فوجی اڈے قائم ہوئے تھے لیکن صدر آصف علی زرداری نے سلالہ واقعے کے بعد تمام اڈے بند کرا دیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ہر چیز کو اسلام آباد سے چلانا چاہتے ہیں لیکن اسلام آباد کو یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ گلگت بلتستان کے وسائل پر سب سے پہلا حق وہاں کے عوام کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کو حق ملکیت دلائے گی اور اس حق کے ملنے سے وہاں کے عوام مزید مضبوط ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تھرپارکر میں اتنا کوئلہ موجود ہے جتنا سعودی عرب کے پاس تیل ہے اور تھر کے کوئلے سے پورا پاکستان فائدہ اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر کے مقامی لوگوں کو ملازمتیں دے کر انہیں ملکیت کا احساس دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کو اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحت اختیارات دلائے گی۔ ان کے مطابق جب گلگت بلتستان کے عوام کو ملکیت اور اختیار ملے گا تو معاشی ترقی بھی ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دیگر جماعتیں لوگوں کو بے روزگار کرنے کی کوشش کرتی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ لوگوں کو روزگار فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی لوگوں کو روزگار دلانے کے لیے کام کر رہی ہے جبکہ دوسرے صرف امیروں کو مزید امیر بنانا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق ان کی جماعت کا مؤقف ہے کہ امیروں کو مزید فائدہ دینے کے بجائے غریبوں کو مضبوط اور خوشحال بنایا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2022 کے سیلاب میں کچے مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے سڑکیں بنانے سے پہلے متاثرہ لوگوں کو گھر بنا کر دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی دوسرے صوبے سے نہیں بلکہ عالمی سطح پر مقابلہ کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں بیس لاکھ پکے گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق پہلے یہ ریکارڈ نیپال کے پاس تھا لیکن اب یہ ریکارڈ صوبہ سندھ کے پاس ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ گلگت بلتستان مستقبل میں خود بجلی پیدا کرے گا اور اسلام آباد کو فروخت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک وزیر نے دعویٰ کیا تھا کہ سو میگاواٹ بجلی پیدا کرنا ان کے دائیں ہاتھ کا کام ہے، اگر یہ واقعی اتنا آسان تھا تو پھر یہ کام کیا کیوں نہیں گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروفیسر صاحب فکر نہ کریں، ہم بجلی بھی پیدا کریں گے اور آپ کو بھی فراہم کریں گے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.