لاہور میں عیدی کےنام پرشہریوں سےرقم طلب کرنے کے الزامات پرپولیس اہلکاروں کےخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے،پولیس حکام کےمطابق ملزمان کےخلاف بھیک مانگنے اوراختیارات کےناجائز استعمال کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے انہیں گرفتارکرلیا گیاہے۔
شاہدرہ اور اسلام پورہ کے علاقوں میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں سے عیدی کے نام پر رقم طلب کرنے کے انکشاف کے بعد محکمانہ انکوائری مکمل کر لی گئی۔
پولیس حکام کےمطابق الزامات ثابت ہونےپردونوں تھانوں میں متعلقہ اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے اورانہیں گرفتاربھی کرلیاگیا،ملزمان کے خلاف گداگری ایکٹ سمیت دیگرمتعلقہ دفعات کےتحت کارروائی جاری ہے جبکہ محکمانہ سطح پر بھی سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے واضح کیا ہے کہ عوام سے پیسے لینے والے اہلکاروں کے لیے محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اختیارات کے ناجائز استعمال اور شہریوں کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔