وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حالیہ عالمی بحرانوں کے دوران پاکستان نے ایک امن پسند ملک کے طور پر اپنی شناخت مزید مضبوط کی ہے، جبکہ امن و خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کی امن پسند شناخت ہر پاکستانی کے لیے باعث فخر ہے اور پرامن، ہم آہنگ، متحد اور یکسو معاشرے کی تشکیل اجتماعی کوششوں کا اہم حصہ ہے۔
پوپ لیو نے امریکی اسرائیلی حملوں کے خلاف منصفانہ اور منطقی مؤقف اپنایا: ایرانی صدر
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت پرامن اور رواداری پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کے مطابق اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب میں امن و امان کی صورتحال پہلے کے مقابلے میں بہتر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہر شہری رنگ، نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر باوقار اور پرامن زندگی گزار سکتا ہے، جبکہ لسانی، سماجی، مسلکی اور تہذیبی تناؤ کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پرامن معاشرے کے لیے فکری اور عملی انتہا پسندی کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو محفوظ اور بااختیار بنانے کے اقدامات بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں، جبکہ تشدد کے خاتمے کے لیے قانونی اصلاحات بھی متعارف کرائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں کی روشنی میں پرامن معاشرے کی تشکیل کا عزم برقرار ہے، اور ہر شہری کو عزت اور باہمی احترام کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔