Gas Leakage Web ad 1

وزیراعلیٰ پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈے پر مثالی پیشرفت، تعلیم بالغاں پروگرام کا آغاز

0

وزیراعلیٰ پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈے کے تحت اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جس کے مطابق اب پنجاب کی جیلوں میں کوئی قیدی اَن پڑھ نہیں رہے گا۔

Gas Leakage Web ad 2

پنجاب کی تمام جیلوں میں تعلیمِ بالغاں پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں چیئرمین ٹاسک فورس رانا منان خان اور سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ڈسٹرکٹ جیل لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسیران کے لیے قائم لٹریسی سینٹر کلاس رومز کا افتتاح کیا اور اساتذہ و طلبا سے ملاقات بھی کی۔

پنجاب فلم سٹی اتھارٹی تشکیل دینے کا بل کثرت رائے سے منظور

اس موقع پر اسپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، آئی جی جیل میاں فاروق نذیر، ایڈیشنل سیکرٹری رومان بورانہ، ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول شاہد اقبال، ڈی جی لٹریسی عاصم جاوید، ڈی آئی جی نوید رؤف، سپرنٹنڈنٹ ظہیر ورک سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کی 44 جیلوں میں مجموعی طور پر 176 لٹریسی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں اس وقت 17 ہزار 600 قیدی ایک ہی وقت میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ بڑی جیلوں میں 15 جبکہ چھوٹی جیلوں میں 4 لٹریسی سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔

جیل لٹریسی سینٹرز میں اساتذہ اور طلبا کو خصوصی یونیفارم بھی فراہم کیا گیا ہے۔ صوبے کی جیلوں میں تعلیم یافتہ قیدیوں کو ہی اساتذہ کا کردار دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت تعلیم حاصل کرنے اور پڑھانے والے قیدیوں کو سزا میں رعایت دی جائے گی، جبکہ لٹریسی اینڈ بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جیل اساتذہ کو معاوضہ ادا کرے گا۔

چیئرمین ٹاسک فورس رانا منان خان نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں کو حقیقی معنوں میں اصلاحی مراکز بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق جیل میں داخلے کے وقت ہر قیدی کی تعلیمی اسکریننگ کی جائے گی، جبکہ جیل انڈسٹریز میں تیار کردہ مصنوعات کی فروخت کا جدید نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ اگر کوئی قیدی اپنی رہائی سے پہلے تعلیم مکمل نہیں کر پاتا تو لٹریسی ڈیپارٹمنٹ جیل سے باہر بھی اس کی تعلیم جاری رکھے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 40 ہزار پروبیشنرز کے لیے بھی تعلیم بالغاں پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیلوں میں قیدیوں کے لیے علم کی روشنی عام کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کیا گیا ہے جس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ جیلوں میں پریزن ویلفیئر اسٹور، اہل خانہ سے باعزت ملاقات اور پریزنز ہیلتھ پروگرام جیسے اقدامات بھی جاری ہیں۔ ان کے مطابق تعلیم و تربیت قیدیوں کو رہائی کے بعد دوبارہ جرائم سے دور رکھنے میں مدد دے گی۔

ڈی جی لٹریسی عاصم جاوید اور ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول شاہد اقبال نے پروگرام کے آغاز پر مبارکباد دی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.