پاکستان: پنجاب حکومت نے صوبے کے 10 اضلاع میں نئی الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں 10 اضلاع میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔
فضا علی کا مارننگ شو کی ویڈیو پر ردعمل سامنے آگیا
اجلاس میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ نے تحصیل سطح پر 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کے لیے ایک جامع منصوبہ طلب کر لیا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اٹک، بھکر، حافظ آباد، خانیوال، لیہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، منڈی بہاءالدین اور اوکاڑہ میں الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی۔
مزید بتایا گیا کہ ہر ڈویژن میں الیکٹرک بسوں کے لیے خصوصی بس ڈپو قائم کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت رواں ماہ 100 بسیں، مئی کے وسط تک 350 بسیں اور جون کے آخر تک 264 الیکٹرک بسیں پنجاب پہنچ جائیں گی۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ فری ٹرانسپورٹ سروس کے تحت 21 روٹس پر تقریباً سوا لاکھ مسافر مستفید ہو چکے ہیں، جبکہ اس پروگرام کے تحت اب تک 3560 ٹرپس مکمل کیے جا چکے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی اسکیم پر پیشرفت کی رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ مئی میں 194 اور جون میں 208 ای ٹیکسیاں فراہم کی جائیں گی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے میٹرو بس اسٹیشنز کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور نئے ڈیزائن کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ سرکاری ملازمین کے لیے ای بائیک منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔