پیٹرول سستا، ڈیزل مہنگا: حکومت نے نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 75 پیسے کمی کی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 24 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی نئی قیمت 390 روپے 62 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ فی لیٹر پیٹرول کی نئی قیمت 335 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 30 جولائی سے ہوگا اور ان پر عملدرآمد آج رات 12 بجے سے شروع ہو جائے گا۔
حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں کمی کو عوام کے لیے جزوی ریلیف قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ڈیزل مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ، زرعی شعبے اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل پر اضافی اخراجات کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے اثرات بالواسطہ طور پر مہنگائی میں اضافے کی صورت میں سامنے آ سکتے ہیں، کیونکہ مال بردار گاڑیوں اور زرعی مشینری میں ڈیزل کا استعمال زیادہ ہوتا ہے۔