لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں موٹرسائیکل رجسٹریشن اور ٹرانسفر فیس ختم کر دیتے ہوئے عوام کے لیے ایک ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب کے عوام کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا گیا ہے اور صوبے بھر میں موٹر بائیک رجسٹریشن فیس ختم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موٹر بائیک ٹرانسفر فیس بھی معاف کر دی گئی ہے اور ہر رجسٹرڈ بائیک کو ماہانہ 2 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ہر رجسٹرڈ بائیک کو ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر سبسڈی دی جائے گی، جس کے تحت پیٹرول فی لیٹر 100 روپے سبسڈی کے ساتھ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیول سبسڈی کے لیے موٹر بائیک مالکان ہیلپ لائن 1000 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت عام آدمی کا معاشی بوجھ کم کرنے کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب ایک بار پھر ریلیف دینے میں دیگر صوبوں سے آگے نکل گیا ہے، اور مریم نواز نے پبلک ٹرانسپورٹ کو مکمل مفت کر کے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک جنگی صورتحال برقرار رہے گی، عوام پبلک ٹرانسپورٹ میں بالکل مفت سفر کریں گے، اور آئندہ بھی جب بھی ریلیف کی ضرورت پیش آئے گی، پنجاب سب سے آگے ہوگا۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز ہر مشکل میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر عوام کے خیر خواہ ہونے کا دعویٰ کرنے والے لوگ خاموش ہیں۔