اسلام آباد:
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود، ترکیہ کے وزیر خارجہ حقان فیدان اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی 29 سے 30 مارچ 2026 کو اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔
لاہور: آپریشن تھیٹر میں 2 مختلف سرجریز کے دوران ڈاکٹرز کے مقابلے کی ویڈیو وائرل
ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق دورے کے دوران تینوں وزرائے خارجہ کے ساتھ اہم علاقائی اور عالمی امور پر مشاورت کی جائے گی، جس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششیں سرفہرست ہوں گی۔ مہمان وزرائے خارجہ وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے جہاں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بات ہوگی۔
پاکستان سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور اس دورے سے مختلف شعبوں میں تعاون اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ یہ دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب خطے کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر سفارتی روابط اور مشاورت کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
اسلام آباد میں 30 مارچ کو چار فریقی اجلاس منعقد ہوں گے، جن میں ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ اجلاس کی صدارت اسحاق ڈار کریں گے اور یہ خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کا مقصد ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اس عمل میں اہم ثالث اور سہولتکار کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے تاکہ خطے میں امن، استحکام اور جنگ کے خدشات کم کیے جا سکیں۔