ہنزہ، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے شارٹ ور لانگ ٹرم پالیسی کے تحت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان
ہنزہ(سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ہنزہ میں ایک میگاواٹ سولر پاور کے افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنزہ کو درپیش لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پالیسی کے تحت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں ایک میگاواٹ سولر پاور پروجیکٹ مکمل ہوا ہے جس کے بعد آئندہ ایک سال میں حکومت گلگت بلتستان ڈھائی میگاواٹ سولر پاور پروجیکٹ کا منصوبہ مکمل کرکے ہنزہ کے عوام کو بجلی فراہم کرے گی جس سے موجودہ بجلی کا سخت بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ہنزہ کے عوام کو پینے کے صاف پانی کا مسئلہ درپیش ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکریٹری تعمیرات کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ ایک ماہ میں قانونی تقاضوں کو پورا کرکے پانی کے منصوبے کا ٹینڈر کریں۔ ناصر آباد تا خانہ آباد روڈ کے منصوبے کا ٹینڈر جلد ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ عطاء آباد 54میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر جلد کام شروع کرنے کیلئے چیئرمین واپڈا سے رابطہ کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر حسن آباد پاور پروجیکٹ کے اپ گریڈیشن کے کام کو جلد مکمل کرنے کے بھی احکامات دیئے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت، سکردو اور ہنزہ میں بجلی کا بحران ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ زیر تعمیر پاور پروجیکٹس کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں گے۔ ہنزہ اور سکردو میں موسم سرما کے دوران بجلی کے سخت بحران کی وجہ سے عوام کو درپیش پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے جنوری اور فروری کے مہینے تھرمل کے ذریعے بجلی فراہم کرنے پر بھی غور کیا جارہاہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ڈونگ داس کے مسئلے پر بنائی جانے والی باؤنڈری کمیشن کی رپورٹ کے حوالے سے چیف سیکریٹری کو ہدایات دی گئی ہیں۔ آئندہ چند ہفتوں میں اس رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے ہنزہ میں ایک میگاواٹ سولر پاور پروجیکٹ کی تعمیر پر آئی پی ایس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شارٹ ٹرم پالیسی کے تحت مختصر مدت میں آئی پی ایس نے ہنزہ میں ایک میگاواٹ سولر پاور پروجیکٹ کا منصوبہ مکمل کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت کی ترجیح میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔ ہنزہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں حکومت سنجیدہ ہے۔ ہنزہ کے تمام منصوبوں کے معیار اور رفتار کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ محکموں کو واضع ہدایات دیئے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے دورہ ہنزہ کے موقع پر ہنزہ کے عوام کی جانب سے التت فورٹ میں وزیر اعلیٰ کے اعزاز میں دیئے گئے پروگرام میں وزیر اعلیٰ نے ہنزہ کے عوام کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان ہنزہ کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کرے گی۔ تمام منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: گلگت بلتستان: پی ڈی ایم اتحاد کی نامزد سعدیہ دانش بلامقابلہ ڈپٹی سپیکر منتخب