Gas Leakage Web ad 1

سینیٹ الیکشن میں ٹکٹوں کی خرید و فروخت سے بانی پی ٹی آئی باخبر ہیں، عظمیٰ بخاری

0

وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندرونی اختلافات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی ٹکٹوں کے لیے بولیاں لگی ہیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان خود اس تمام صورتحال سے مکمل طور پر باخبر اور شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے نظریاتی کارکنان کو نظر انداز کر کے پیسے والے افراد کو ترجیح دی گئی، اور پی ٹی آئی کی قیادت نے خود اپنی جماعت کو بے نقاب کر دیا ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جو جماعت ماضی میں ہارس ٹریڈنگ کی مخالف تھی، وہ آج اس عمل کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ کارکنوں کی جگہ ’اے ٹی ایمز‘ کو نوازا جا رہا ہے، اور اقتدار کے مزے صرف ’موسمی پرندے‘ لوٹ رہے ہیں، جب کہ حقیقی کارکن سڑکوں پر ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی مقبولیت تیزی سے کم ہو رہی ہے اور وہاں کے نوجوان اب اس حقیقت کو سمجھ چکے ہیں کہ پارٹی نے انہیں محض احتجاجی سیاست کے لیے استعمال کیا۔

دوسری جانب، سینیٹ انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں شدید اختلافات سامنے آ گئے ہیں۔ پشاور میں پارٹی کے تنظیمی عہدیداروں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے قیادت پر تنقید کی اور سینیٹ ٹکٹ عرفان سلیم کو نہ دینے کی صورت میں وزیراعلیٰ ہاؤس، صوبائی اسمبلی اور اراکینِ اسمبلی کے گھروں کے گھیراؤ کی دھمکی دی۔

عہدیداروں نے کہا کہ عرفان سلیم کو ٹکٹ نہ دینا پارٹی نظریات کے خلاف ہے، وہ ایک پرانے اور وفادار کارکن ہیں، ان کے کاغذاتِ نامزدگی واپس نہیں لیے جائیں گے اور وہ سینیٹ الیکشن کے امیدوار رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک ٹکٹ کی جنگ نہیں بلکہ نظریات کی لڑائی ہے، جس کا آغاز عمران خان نے کیا تھا، لیکن اب اختتام ہم کریں گے۔

Ask ChatGPT
sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.