اسلام آباد کی ڈیوٹی جج میاں اظہر ندیم کی عدالت میں ایف آئی اے کی جانب سے گرفتار ملزمان کو پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے دلائل سننے کے بعد تین غیر ملکی اور دو پاکستانی ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔
یاد رہے کہ ایف آئی اے اور پی ہوٹا ٹیم نے گزشتہ روز اسلام آباد کے سیکٹر ایف-7 میں کارروائی کرتے ہوئے چینی باشندوں سمیت پانچ افراد کو گرفتار کیا تھا۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں انسانی پلاسنٹا برآمد کیا گیا، جس میں تازہ، خشک اور پراسیس شدہ پلاسنٹا بھی شامل تھا۔
پی ٹی اے کا موبائل فون خریدنے والوں کے لئے اہم پیغام جاری
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق ملزمان مختلف اسپتالوں سے انسانی پلاسنٹا حاصل کرنے میں مبینہ طور پر ملوث ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق پلاسنٹا پشاور، راولپنڈی اور لاہور کے مختلف اسپتالوں سے جمع کیا جاتا تھا، جسے بعد ازاں پراسیس کرکے بیرون ملک بھیجا جاتا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان پراسیس شدہ انسانی پلاسنٹا کو بھیڑ کے اعضا ظاہر کرکے برآمد کرتے تھے تاکہ متعلقہ حکام کو دھوکا دیا جا سکے۔
عدالت نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد تمام ملزمان کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔