وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی قیادت میں پاکستانی وفد نے واشنگٹن میں امریکی سیکریٹری آف کامرس ہاورڈ لٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے
(یو ایس ٹی آر) جیمیسن گریئر سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد پاک امریکہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینا اور باہمی سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔
دونوں فریقین نے پاک امریکہ معاشی و تجارتی تعلقات، جو دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم ستون ہیں، کی اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ملک قیادت کی رہنمائی میں معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ امریکہ، پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اور پاکستان ان تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیکنالوجی، آئی ٹی، معدنیات، زراعت اور دیگر روایتی و غیر روایتی شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کا خواہاں ہے۔
دونوں فریقین نے اس امید کا اظہار کیا کہ جاری پاک-امریکہ ٹریڈ ڈائیلاگ مثبت نتائج دے گا، جس سے نہ صرف دوطرفہ تجارتی حجم بڑھے گا بلکہ دونوں ممالک کی معیشتوں کو بھی تقویت ملے گی۔