سرکاری ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کے صارفین کے لیے بجلی سستی ہونے کی امید پیدا ہوگئی ہے، کیونکہ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جون کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 65 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کروا دی ہے۔
سی پی پی اے کی جانب سے یہ درخواست جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت دی گئی ہے، جس کے بعد اگر منظوری مل گئی تو صارفین کو ایک ماہ کے لیے 65 پیسے فی یونٹ تک ریلیف مل سکتا ہے۔
نیپرا اس درخواست پر 30 جولائی کو باقاعدہ سماعت کرے گا۔ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق، جون کے مہینے میں پن بجلی کی پیداوار میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کی وجہ سے بجلی کی اوسط پیداواری لاگت میں کمی واقع ہوئی۔
نیپرا کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، جون میں 39 فیصد بجلی پن بجلی کے ذرائع سے حاصل کی گئی، جب کہ مقامی اور درآمدی کوئلے سے مجموعی طور پر 20 فیصد، اور درآمدی ایل این جی (RLNG) سے 16 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔