روس اور یوکرین کے درمیان تازہ حملوں کے تبادلے میں کم از کم 14 افراد جاں بحق
کیف: یوکرین اور روس کے درمیان حالیہ حملوں کے تبادلے میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہوگئے، جن میں روس میں 9 جبکہ یوکرین میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تقریباً ساڑھے چار سال سے جاری جنگ کے دوران دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر حملوں کی شدت اور دائرہ کار میں اضافہ کردیا ہے۔
پھیپھڑوں کو تندرست رکھنے کے لیے روزانہ کتنے منٹ کی چہل قدمی ضروری ہے؟
روسی حکام کے مطابق یوکرین کی جانب سے سرحدی علاقے بیلگوروڈ پر کیے گئے حملوں میں 4 افراد ہلاک ہوئے، جن میں کھیل کے میدان کے قریب موجود 13 سالہ بچی بھی شامل تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ بچی شدید زخمی ہوگئی تھی، تاہم ڈاکٹروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود اسے بچایا نہ جا سکا۔
اس کے علاوہ ساراتوف ریجن میں یوکرینی ڈرون حملے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ روس کے اُدمرتیا علاقے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنانے والے ڈرون حملے میں 3 افراد جان سے گئے۔
دوسری جانب یوکرینی حکام کے مطابق روسی حملوں میں دنیپروپیٹرووسک کے مشرقی علاقے میں 2 افراد جبکہ زاپوریزژیا اور خیرسون میں ایک، ایک شخص ہلاک ہوا۔
مزید برآں، خارکیف کے شمالی علاقے میں روسی حملے کے نتیجے میں ایک ڈاک ٹرمینل تباہ ہوگیا، جہاں ایک ڈاک ملازم بھی ہلاک ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کی قیادت میں جاری مذاکرات فروری سے عملی طور پر تعطل کا شکار ہیں، جب امریکا اور اسرائیل نے ایران پر مشترکہ حملے کیے تھے۔
روس اور یوکرین دونوں کا کہنا ہے کہ وہ جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ نہیں بناتے۔