امریکی کانگریس کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرنے والے امریکی کانگریسی وفد میں ریان زنکے اور نمائندہ مائیکل بومگارٹنر شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وفد نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستانی قیادت کے درمیان مثبت روابط کے دونوں ممالک کے تعلقات پر خوشگوار اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
پاکستان کے خلاف بھارتی ‘را’ کا پروپیگنڈا نیٹ ورک بے نقاب: معروف صحافی فخر درانی کے اہم انکشافات
امریکی وفد نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
بعد ازاں امریکی وفد کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکی کانگریس کے ارکان کا پاکستان کا دورہ پاک امریکا تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔
وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے پاک بھارت جنگ بندی کے لیے ان کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن مداخلت کا بھی ذکر کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، خصوصاً تجارت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔