گلگت بلتستان الیکشن کی تیاریاں مکمل، دیامر میں دفعہ 144 کا نفاذ
گلگت بلتستان کے انتخابات 2026 کے لیے 24 حلقوں میں مجموعی طور پر 396 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں 266 آزاد امیدوار شامل ہیں جبکہ 7 خواتین امیدوار بھی انتخابی دوڑ کا حصہ ہیں۔
انتخابی عمل کے لیے 1368 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 480 کو انتہائی حساس، 350 کو حساس جبکہ 457 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ صوبے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 9 لاکھ 58 ہزار 780 ہے، جن میں مرد ووٹرز 5 لاکھ 3 ہزار 772 اور خواتین ووٹرز 4 لاکھ 54 ہزار 708 شامل ہیں۔
مومنہ اقبال میری بیوی کو طلاق لینے پر اکساتی رہی، ثاقب چدھڑ
انتظامیہ کے مطابق سکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور انتخابی عمل کے دوران تقریباً 15 ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
الیکشن کے لیے تعینات عملے کی تفصیلات کے مطابق ساڑھے سات ہزار سے زائد افسران اور ملازمین کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، جن کے لیے مجموعی طور پر 27 کروڑ 60 لاکھ روپے اعزازیہ مقرر کیا گیا ہے۔ اس میں ریٹرننگ افسران، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران، پریزائڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریزائڈنگ افسران، پولنگ افسران اور دیگر عملہ شامل ہے۔
دوسری جانب ضلع دیامر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق 60 روز کے لیے اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ، پٹاخوں کے استعمال اور ڈرونز یا یو اے ویز کی غیر مجاز پرواز پر مکمل پابندی ہوگی۔ حساس تنصیبات کے تحفظ کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی وارننگ دی گئی ہے۔