بھارت میں نوجوانوں کی جانب سے پیپر لیک کے خلاف جاری احتجاج کے بعد وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جس پر اداکارہ سوناکشی سنہا نے منفرد انداز میں نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
بھارتی دارالحکومت میں گزشتہ چار روز سے طلبہ کا احتجاج جاری تھا، جس میں مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ وزیر تعلیم کو عہدے سے ہٹایا جائے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین کے خلاف کارروائی پر اپوزیشن جماعتوں، بالی ووڈ شخصیات، سول سوسائٹی اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے احتجاج کی حمایت کی۔
احتجاج ختم کرانے کے لیے بھارتی وزیراعظم نے ویڈیو پیغام کے ذریعے یقین دہانی کرانے کی کوشش کی، تاہم مظاہرین اپنے مطالبات پر قائم رہے۔ بعد ازاں دھرمیندر پردھان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
مظاہرین، سول سوسائٹی اور اپوزیشن جماعتوں نے اس استعفے کو جمہوریت کی فتح قرار دیا، جبکہ احتجاجی گروپ نے اپنے دیگر مطالبات میں دھرنے کے دوران جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے لیے مالی امداد اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔
استعفے کے بعد احتجاجی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ ثابت ہو گیا ہے کہ عوامی دباؤ اور مسلسل جدوجہد سے تبدیلی ممکن ہے۔
دھرمیندر پردھان کے استعفے پر اداکارہ سوناکشی سنہا نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے نوجوانوں کی جدوجہد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے سمجھتی تھیں کہ جین زی کچھ نہیں کر سکتے، لیکن نوجوانوں نے اپنی طاقت ثابت کر کے تاریخ رقم کر دی۔
سوناکشی سنہا نے نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جین زی کو سلام کرتی ہیں اور اب خود بھی اسی جذبے کا حصہ بننا چاہتی ہیں۔