شہباز شریف اور ایرانی صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، وزیر اعظم نے تاریخی امن معاہدے پردستخط کی مبارکباد دی
وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، امن معاہدے پر مبارکباد کا تبادلہ
وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق اسلام آباد امن معاہدے پر دستخط کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلا رابطہ تھا، اور گفتگو 30 منٹ سے زائد جاری رہی۔
راولپنڈی ٹائیگرز کے لیے 10 ہزار سے زائد نوجوانوں کی رجسٹریشن، ٹرائلز آج سے شروع ہوں گے: حنیف عباسی
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر پزشکیان، ایرانی قیادت اور عوام کو تاریخی امن معاہدے پر دستخط کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف خطے میں امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ ایرانی قوم کی تعمیرِ نو میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنے گا۔
وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور مذاکرات کے اگلے مرحلے میں ایرانی قیادت کی کامیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بطور برادر اور ہمسایہ ملک ایران کی ہر شعبے میں مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں شخصیات نے انتہائی مہارت، اخلاص اور دانشمندی سے ثالثی کے عمل کی کامیابی میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اس مثبت اور تعمیری حمایت کو ایران ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گا۔
ایرانی صدر نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی سہولت کے مطابق جلد ایک دوسرے کے دارالحکومتوں کے دورے پر اتفاق کیا اور آئندہ دنوں میں مسلسل رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔