Gas Leakage Web ad 1

منہ میں چھالوں سے پریشان؟ تو 9 آسان طریقے ان سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں

0

زبان، مسوڑھوں، ہونٹوں یا گالوں کے اندرونی حصوں میں چھالے یا زخم کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں جیسے الرجی، انجری، انفیکشن یا کسی چیز کا تناؤ وغیرہ۔

Gas Leakage Web ad 2

منہ میں چھالے ہونا ایک بہت عام مسئلہ ہے جس کا سامنا ایک تخمینے کے مطابق دنیا کی تقریباً 10 سے 25 فیصد آبادی کو ہوتا ہے۔

اس مسئلے کے لیے طبی اصطلاح میں canker sore استعمال کی جاتی ہے۔

ان چھالوں کی وجہ سے کھانا پینا مشکل ہو جاتا ہے جبکہ درد اور تکلیف بھی بڑھ جاتی ہے۔

انمول عرف پنکی کے موبائل فون سے غیر معمولی ڈیٹا مل گیا

اگر آپ کو بھی اس مسئلے کا سامنا ہے تو چند آسان طریقے درد میں کمی اور چھالوں کے جلد ختم ہونے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

بیکنگ سوڈا
بیکنگ سوڈا بنیادی طور پر منہ کے اندر تیزابیت اور الکلائن کے توازن کو برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

زیادہ تیزابیت منہ میں چھالوں کا سبب بن سکتی ہے جبکہ بیکنگ سوڈا نقصان دہ بیکٹیریا کو کم کرنے اور ورم میں کمی لانے میں مددگار ہوتا ہے۔

آدھے کپ پانی میں ایک چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا ملا کر اس محلول کو منہ میں 15 سے 30 سیکنڈ تک رکھ کر تھوک دیں۔

یہ عمل ہر چند گھنٹوں بعد دہرایا جا سکتا ہے۔

ٹی بیگز
چائے کی پتی بھی منہ میں تیزابیت کی سطح کم کرنے میں مدد دیتی ہے جبکہ اس میں موجود اجزا درد میں کمی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

منہ میں چھالے ہونے کی صورت میں استعمال شدہ ٹی بیگ کو تقریباً 5 منٹ تک چھالے پر رکھنے سے آرام محسوس ہو سکتا ہے۔

ہائیڈروجن پرآکسائیڈ
ہائیڈروجن پرآکسائیڈ سے منہ کے چھالوں کی صفائی کی جا سکتی ہے جس سے ان کے بہتر ہونے میں مدد ملتی ہے۔

اس کے لیے ہائیڈروجن پرآکسائیڈ اور پانی کو برابر مقدار میں ملا لیں۔

اس محلول میں روئی بھگو کر متاثرہ حصے پر لگائیں اور یہ عمل دن میں چند بار دہرائیں۔

البتہ اسے نگلنے سے گریز کریں۔

نمک ملے پانی سے کلیاں
نمک ملے پانی سے 30 سیکنڈ تک کلیاں کرنے سے چھالوں کے ٹھیک ہونے کا عمل تیز ہو سکتا ہے۔

نمک میں موجود اجزا متاثرہ ٹشوز کے گرد شفا یابی کے عمل کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔

ایلو ویرا
ایلو ویرا جیل منہ کے چھالوں کے علاج میں مددگار ہو سکتا ہے اور درد میں کمی لاتا ہے۔

صاف چمچ کی مدد سے ایلو ویرا جیل کی تھوڑی مقدار براہ راست متاثرہ حصے پر لگائی جا سکتی ہے اور ضرورت کے مطابق یہ عمل دہرایا جا سکتا ہے۔

دہی
منہ کے چھالوں کی حتمی وجہ مکمل طور پر واضح نہیں، تاہم بعض اوقات یہ مخصوص بیکٹیریا کی وجہ سے بھی ہو سکتے ہیں۔

ایک تحقیق کے مطابق دہی میں موجود مفید بیکٹیریا منہ کے چھالوں میں کمی لانے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔

اس کے لیے روزانہ کم از کم ایک کپ دہی کا استعمال مفید ہو سکتا ہے۔

شہد
شہد جراثیم اور ورم کم کرنے کی خصوصیات رکھتا ہے اور زخموں کے بھرنے کے عمل کو تیز کرتا ہے۔

اس کی وجہ سے چھالوں کے سائز، سوجن اور درد میں کمی آ سکتی ہے۔

شہد کو دن میں چند بار متاثرہ حصے پر لگایا جا سکتا ہے، بہتر نتائج کے لیے خالص اور کم پروسیس شدہ شہد استعمال کرنے کی سفارش کی جاتی ہے۔

ناریل کا تیل
ناریل کا تیل بھی منہ کے چھالوں کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق اس میں جراثیم کش اور ورم کم کرنے والی خصوصیات موجود ہیں جو سوجن اور درد میں کمی لانے میں مدد دیتی ہیں۔

اسے دن میں کئی بار متاثرہ حصے پر لگایا جا سکتا ہے۔

سیب کا سرکہ
سیب کا سرکہ جراثیم کش خصوصیات رکھتا ہے اور منہ کے چھالوں کے علاج میں مدد دے سکتا ہے۔

ایک چائے کا چمچ سرکہ ایک کپ پانی میں ملا کر اس محلول کو ایک منٹ تک منہ میں گھما کر تھوک دیا جاتا ہے۔

نوٹ: یہ معلومات طبی جریدوں میں شائع شدہ تفصیلات پر مبنی ہیں، کسی بھی علاج سے قبل اپنے معالج سے مشورہ کرنا بہتر ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.