Gas Leakage Web ad 1

ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی اسلام آباد پہنچ گئے

0

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتیں کریں گے۔

Gas Leakage Web ad 2

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی بھی ان کے ہمراہ اسلام آباد آئے ہیں، جبکہ عباس عراقچی اپنے دورے کے دوران مسقط اور ماسکو کا بھی رخ کریں گے۔

ایران کی نیم سرکاری مہر خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ آج شام سے اسلام آباد، مسقط اور ماسکو کے دوروں کا آغاز کر رہے ہیں۔

مہر نیوز کے مطابق اس دورے کا مقصد دو طرفہ مشاورت، خطے کی تازہ صورتحال اور ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیلی حکومت کی جانب سے مسلط کردہ جنگ کی موجودہ کیفیت پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے رپورٹ کیا ہے کہ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔

سی این این کے مطابق سینئر امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ اپنے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کو اسلام آباد بھیج رہے ہیں، جہاں وہ ایران سے متعلق امن مذاکرات پر گفتگو کریں گے۔

وزیراعظم نے پی ایس ایل فائنل میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دیدی

سی این این نے مزید بتایا کہ نائب صدر جے ڈی وینس اور ایرانی اسپیکر باقر قالیباف اس وقت ان مذاکرات میں شامل نہیں ہوں گے، تاہم اگر کوئی پیشرفت ہوئی تو جے ڈی وینس کے اسلام آباد آنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی سربراہی میں آنے والے مختصر وفد کی پاکستان آمد کو اہم سفارتی پیشرفت قرار دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کے رابطے کے بعد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف سے گفتگو کی اور انہیں ایرانی ہم منصب کے ساتھ ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا۔

شہباز شریف اور اسحاق ڈار کے درمیان خطے کی سکیورٹی صورتحال، بڑھتی کشیدگی کے خدشات اور ایران و امریکا کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان دونوں فریقین کو جلد دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے سرگرم عمل ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے امن و استحکام کے لیے اہم پالیسی اور سفارتی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

پاکستان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے، اعتماد سازی کو فروغ دینے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، جبکہ وزیراعظم نے اعلیٰ سطح پر سفارتی روابط کو تیز کرنے اور مشاورت جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.