موجودہ علاقائی صورتحال میں بروقت اقدامات سےتوانائی بحران پیدا نہیں ہوا: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں بروقت کیے گئے حکومتی اقدامات کے باعث ملک میں توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت انرجی سکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا مصدق ملک، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، اویس لغاری، عطا تارڑ، علی پرویز، احسن اقبال اور مشیر نجکاری محمد علی شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔
پنجاب: ڈومیسائل فیس میں 175 فیصد اضافے کی منظوری، نوٹیفکیشن جاری
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ انرجی سکیورٹی ملکی مستقبل کی مجموعی منصوبہ بندی کا اہم ترین حصہ بن چکی ہے، اور موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں بروقت اقدامات کی بدولت توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے خام تیل کے اسٹریٹیجک ذخائر رکھنے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ توانائی کی بچت اور پائیدار ترقی کے لیے ذرائع آمدورفت کو ماحول دوست برقی ذرائع پر منتقل کیا جائے، اور مستقبل میں سرکاری استعمال کے لیے بجلی سے چلنے والی بسیں اور موٹرسائیکلیں خریدی جائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے مزید تیز اقدامات کیے جائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سولر سے پیدا ہونے والی اضافی بجلی کی اسٹوریج کے لیے بیٹریوں کے حصول کو آسان بنانے کا لائحہ عمل بنایا جائے اور مقامی سطح پر اعلیٰ معیار کی اسٹوریج بیٹریوں کی تیاری کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
اس موقع پر وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے رہی ہے۔ ملک میں اس وقت پیٹرولیم کے وافر ذخائر موجود ہیں جبکہ غذائی تحفظ کی صورتحال بھی مستحکم ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ تیل اور گیس کمپنیوں کی کوششوں سے مقامی سطح پر تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ شمسی توانائی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو بیٹری اسٹوریج سسٹم لگانے کی حوصلہ افزائی بھی کی جا رہی ہے۔