پاکستان نے سعودی عرب پر حوثیوں کی جانب سے کیے گئے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا یمن کی صورتحال پر ہونے والے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثیوں کے میزائل حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتا ہے۔
عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کا بھی حامی ہے، جبکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور تحمل کو ہی مؤثر راستہ سمجھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یمن میں دیرپا امن صرف ایک جامع اور باہمی اتفاقِ رائے پر مبنی سیاسی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حوثیوں نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب متعدد میزائل داغنے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم سعودی حکام کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے تمام میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیے۔
اس سے قبل حوثی گروپ نے صنعاء انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اس کے ردعمل میں سعودی عرب کے اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جائے گا۔