متحدہ عرب امارات میں امریکی سفارت خانے اور دبئی میں امریکی قونصل خانے نے خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر 13 سے 15 جولائی تک تمام قونصلر اپائنٹمنٹس منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گلف نیوز کے مطابق، امریکی مشن کی جانب سے پیر کو جاری کردہ سیکیورٹی الرٹ میں کہا گیا ہے کہ جن افراد کی اس مدت کے دوران اپائنٹمنٹس طے تھیں، وہ سفارت خانے یا قونصل خانے کا دورہ نہ کریں۔ متاثرہ درخواست گزاروں سے نئی تاریخ مقرر کرنے کے لیے براہِ راست رابطہ کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق یو اے ای سے غیر ضروری امریکی سرکاری عملے کی منتقلی عمل میں لائی گئی ہے، جبکہ معمول کی امریکی ویزا سروسز تاحکم ثانی معطل رہیں گی۔ تاہم پاسپورٹ اور دیگر ہنگامی قونصلر سہولیات ای میل کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔
امریکی شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفارت خانے یا قونصل خانے آنے سے گریز کریں اور 13 سے 15 جولائی کے دوران طے شدہ اپائنٹمنٹس سے متعلق مزید ہدایات کا انتظار کریں۔
امریکی مشن کے مطابق سفارت خانہ اور قونصل خانہ ’آرڈرڈ ڈیپارچر‘ پالیسی کے تحت محدود بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، جس کے باعث اس وقت امریکی شہریوں کے لیے صرف ضروری اور محدود قونصلر خدمات دستیاب ہیں۔