استحکامِ پاکستان پارٹی کے سینئر رہنما اور رکنِ پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی ہے۔
شعیب صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج سے متعلق بیانات کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے دفاعی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی کے اداروں کو سیاسی تنقید کا نشانہ بنانا افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔ اس میں مزید کہا گیا کہ ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات قومی مفاد کے منافی ہیں۔
قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف منفی بیانیہ دشمن عناصر کو فائدہ پہنچا سکتا ہے، جبکہ قومی اداروں کے وقار کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔