لاہور میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے چین کے قونصل جنرل سن یان نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے تعلقات، اقتصادی تعاون اور سی پیک منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورۂ چین پاک چین تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا ہے، اور اس دوران چینی قیادت کے ساتھ ہونے والی ملاقاتیں نہایت مفید، بامقصد اور نتیجہ خیز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ دورۂ چین کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر فوری اور مؤثر عمل درآمد ضروری ہے۔
فکسڈ ٹیکس اسکیم رضاکارانہ تعمیل کی حوصلہ افزائی، وسیع تر ٹیکس کی بنیاد: آئی سی سی آئی صدر
ملک محمد احمد خان کے مطابق پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری دونوں ممالک کے مشترکہ مستقبل کی ضمانت ہے، جبکہ سی پیک پاکستان کی اقتصادی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں اور پارلیمانی سفارت کاری دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ ان کے مطابق پاک چین دوستی ایک آزمودہ، لازوال اور فولادی رشتہ ہے اور چین پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا قابلِ اعتماد شراکت دار ہے۔
چینی قونصل جنرل سن یان نے اس موقع پر کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اور ثقافتی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کے عوام مزید قریب آئیں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔