وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے پی ٹی آئی سے ڈیل کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ کوئی ڈیل ہے اور نہ ڈھیل، یہ سب محض قیاس آرائیاں ہیں۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی تکلیف کے حوالے سے سوشل میڈیا پر سنسنی پھیلائی گئی، جبکہ حکومت کی ذمہ داری تھی کہ ہیلتھ کیئر فراہم کی جائے جو فراہم کی گئی، اور اب عمران خان کی صحت بہتر ہے۔
کراچی میں رمضان کے دوران سموسے پکوڑوں کی قیمت کیا ہوگی؟ اشیائے خورونوش کی قیمتیں مقرر
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت کے مسائل کا طبی ماہرین نے جائزہ لیا اور اس حوالے سے ان کی پارٹی کے رہنماؤں کو بھی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے اپوزیشن سے کہا کہ صحت کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق حکومت نے کوئی مطالبہ پورا نہیں کیا۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ان کے مطالبات میں میڈیکل رپورٹ شامل نہیں تھی بلکہ مطالبہ یہ تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو ذاتی ڈاکٹر اور فیملی سے ملنے دیا جائے، کیونکہ یہ ان کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت ذاتی معالج کی اجازت نہ دے کر کیا چھپا رہی ہے۔