Gas Leakage Web ad 1

وہ عام غذا جو ڈپریشن کا شکار بنا سکتی ہے

0

الٹرا پراسیس غذائیں ڈپریشن کا خطرہ بڑھا سکتی ہیں، تحقیق

Gas Leakage Web ad 2

الٹرا پراسیس غذاؤں کو جسمانی صحت کے لیے بہت زیادہ نقصان دہ تصور کیا جاتا ہے، تاہم اب ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ان غذاؤں کا استعمال ذہنی صحت کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔

امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ الٹرا پراسیس غذاؤں، خاص طور پر مصنوعی مٹھاس والے مشروبات کا استعمال ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھا دیتا ہے۔

ہارورڈ میڈیکل اسکول اور میساچوسٹس جنرل ہاسپٹل کی تحقیق میں الٹرا پراسیس غذاؤں کے ذہنی صحت پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور ڈائٹ سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔

تحقیق میں درمیانی عمر کی 30 ہزار سے زائد ایسی خواتین کی غذائی عادات اور ذہنی صحت کا جائزہ لیا گیا جو تحقیق کے آغاز میں ڈپریشن کا شکار نہیں تھیں۔ ان خواتین کی صحت کا جائزہ 2003 سے 2017 کے دوران لیا گیا۔
مریم نواز سے جائیکا کے صدر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں اور مشروبات کے زیادہ استعمال سے ڈپریشن میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

محققین کے مطابق روزانہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال کرنے والی خواتین میں ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ 49 فیصد تک زیادہ پایا گیا۔

تحقیق سے قبل سامنے آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال سے ہائی بلڈ پریشر، فالج، ہارٹ اٹیک اور کینسر جیسے امراض کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، تاہم یہ پہلی بڑی تحقیق ہے جس میں ان غذاؤں کو ذہنی صحت کے لیے نقصان دہ قرار دیا گیا ہے۔

محققین نے صحت، طرز زندگی اور سماجی حیثیت جیسے ڈپریشن کے خطرے کو بڑھانے والے عوامل کو بھی مدنظر رکھا۔

انہوں نے کہا کہ نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال کی مقدار جتنی زیادہ ہوگی، ڈپریشن کا خطرہ بھی اتنا ہی بڑھ سکتا ہے۔

محققین کے مطابق مصنوعی مٹھاس پر مبنی مشروبات دماغ میں ایسے مالیکیولز کو متحرک کر سکتے ہیں جو مزاج اور ذہنی کیفیت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی غذائی عادات کا جائزہ ڈپریشن کی تشخیص سے کئی سال پہلے لیا گیا تھا، اسی لیے تحقیق کے نتائج کو مضبوط سمجھا جا سکتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع ہوئے ہیں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.