وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ’’ مکہ دفاعی معاہدے‘‘ کواہم سٹریٹجک قدم قرار دیدیا
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سہ فریقی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان سہ فریقی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی دستخطی تقریب میں شرکت ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو آگے بڑھانے اور دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
نائب وزیراعظم نے دعا کی کہ یہ شراکت داری خطے میں امن، استحکام اور باہمی خوشحالی کے فروغ میں معاون ثابت ہو اور آنے والی نسلوں کے لیے تینوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے۔