Gas Leakage Web ad 1

سری لنکا نے 430 رنز کا تاریخی ہدف حاصل کرکے انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی

0

راولپنڈی میں پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان جاری ون ڈے ٹرائی سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔ سری لنکا کے کپتان کوشال مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔

Gas Leakage Web ad 2

انگلینڈ کی جانب سے کپتان ہیری بروک نے شاندار ڈبل سنچری اسکور کی۔ وہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے انگلینڈ کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ ہیری بروک نے 116 گیندوں پر 21 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 202 رنز کی اننگز کھیلی۔ جو روٹ نے 69 رنز بنائے، جب کہ ول جیکس 66 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹام بینٹن نے 50 اور بین ڈکٹ نے 29 رنز اسکور کیے۔
حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں کمی اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کردیا
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک اور جو روٹ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 127 گیندوں پر 159 رنز بنائے، جب کہ ہیری بروک اور ول جیکس نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 79 گیندوں پر ناقابل شکست 185 رنز کی شراکت قائم کی۔

سری لنکا کی جانب سے دونتھ ویلالگے نے دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ اسیتھا فرنینڈو اور جینتھ لیانگے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اس سے قبل پاکستان نے 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 337 رنز بنائے تھے، تاہم انگلینڈ نے 429 رنز بناکر اس میدان پر ون ڈے کرکٹ کا سب سے بڑا مجموعہ اسکور کیا۔

430 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے 49.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 430 رنز بناکر میچ دو وکٹوں سے جیت لیا۔ سری لنکا کی جانب سے پون رتنائیکے نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 106 گیندوں پر 15 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 130 رنز بنائے۔ اویشکا فرنینڈو نے 83 گیندوں پر 11 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 97 رنز اسکور کیے، جب کہ ڈاسن شاناکا نے 50 گیندوں پر 6 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 97 رنز کی اننگز کھیلی۔

سری لنکا کے دیگر بیٹرز میں جینتھ لیانگے 61 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، کمنڈو مینڈس نے 18، ساہان آرچیگے نے 13 اور دونتھ ویلالگے نے 8 رنز بنائے۔ کوشال مینڈس اور ایشان ملنگا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جب کہ اسیتھا فرنینڈو ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹونگ نے تین وکٹیں حاصل کیں، جب کہ سیم کرن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جیمی اوورٹن اور لیام ڈاؤسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح سری لنکا نے 430 رنز کا ہدف حاصل کرکے راولپنڈی میں کھیلے جانے والے سہ ملکی ون ڈے ٹورنامنٹ کے تیسرے میچ میں انگلینڈ کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.