Gas Leakage Web ad 1

انگلینڈ کے کپتان پیری بروک کی شاندار ڈبل سنچری

0

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے پاکستان کی سرزمین پر راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف تاریخی اننگز کھیلتے ہوئے کئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔ انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں دھواں دار ڈبل سنچری اسکور کرکے نہ صرف پاکستان میں ون ڈے کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ انفرادی رنز بنانے اور گیندوں کے اعتبار سے تیز ترین ڈبل سنچری کا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔

Gas Leakage Web ad 2

راولپنڈی میں کھیلی جانے والی سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ نے اپنے کپتان ہیری بروک کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔ یہ پاکستان میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ اس دوران انگلش کپتان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ کی تیز ترین ڈبل سنچری اسکور کی۔ انہوں نے سری لنکن بولرز کے خلاف 116 گیندوں پر 202 رنز بنائے، جس میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔
شارک مچھلیوں سے بھرے سمندر میں 900 میل کا فاصلہ تیر کر پار کرنیوالی خاتون
ہیری بروک ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے انگلینڈ کے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ون ڈے میچ میں انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ انفرادی رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ اس سے قبل انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور کا ریکارڈ بین اسٹوکس کے پاس تھا، جنہوں نے 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف اوول میں 182 رنز بنائے تھے۔

انگلش کپتان نے اپنی ڈبل سنچری صرف 114 گیندوں پر مکمل کرکے بھارت کے شبمن گل کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ شبمن گل نے 30 ستمبر 2026 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف گوہاٹی میں 117 گیندوں پر ناقابل شکست 223 رنز بنائے تھے۔ اس طرح ہیری بروک گیندوں کے اعتبار سے ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سنچری بنانے والے بیٹر بن گئے۔

ہیری بروک نے اپنی اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور ابتدائی 24 گیندوں پر صرف 13 رنز بنائے، تاہم اس کے بعد انہوں نے اپنی بیٹنگ کی رفتار تیز کردی اور 42 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے اپنی چوتھی ون ڈے سنچری 75 گیندوں پر اسکور کی، جب کہ سنچری مکمل کرنے کے بعد اگلی 39 گیندوں پر مزید 100 رنز بناکر ڈبل سنچری کا سنگ میل عبور کرلیا۔

بروک کی یہ اننگز ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی انگلش بیٹر کی جانب سے کھیلی جانے والی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔ اس سے قبل پاکستان میں ون ڈے کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ جنوبی افریقا کے سابق کپتان گیری کرسٹن کے پاس تھا، جنہوں نے 1996 میں راولپنڈی ہی میں متحدہ عرب امارات کے خلاف 188 رنز بنائے تھے۔

27 سالہ ہیری بروک ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے کپتانوں کے محدود گروپ میں بھی شامل ہوگئے ہیں۔ وہ انگلینڈ کے پہلے کپتان ہیں جنہوں نے اس فارمیٹ میں 200 رنز کا سنگ میل عبور کیا۔ ون ڈے کرکٹ میں کپتانوں کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والوں کی فہرست میں بھارت کے شبمن گل 223 رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ بھارت ہی کے وریندر سہواگ نے 2011 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 219 رنز بنائے تھے، جب کہ روہت شرما نے 2017 میں سری لنکا کے خلاف ناقابل شکست 208 رنز اسکور کیے تھے۔ ہیری بروک کی 202 رنز کی اننگز اس فہرست میں چوتھے نمبر پر آگئی ہے۔

انگلینڈ کی جانب سے کپتان کی حیثیت سے ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے کا ریکارڈ بھی اب ہیری بروک کے نام ہوگیا ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ اینڈریو اسٹراس کے پاس تھا، جنہوں نے 2011 میں بھارت کے خلاف 158 رنز بنائے تھے۔

میچ میں انگلینڈ کی جانب سے ٹام بینٹن نے 50 رنز اسکور کیے، جب کہ بین ڈکٹ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ہیری بروک نے جو روٹ کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 159 رنز کی شراکت قائم کی۔ جو روٹ 69 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ نے ول جیکس کو پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجا۔

ہیری بروک اور ول جیکس نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 79 گیندوں پر ناقابل شکست 185 رنز کی شراکت قائم کی۔ ول جیکس نے 25 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 30 گیندوں پر 66 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ نے اننگز کے آخری 10 اوورز میں 156 رنز اسکور کیے۔ بروک نے اننگز کے آخری اوور میں بین اسٹوکس کا انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ انفرادی رنز بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے آخری اوور میں چھکا لگانے اور دو رنز دوڑ کر اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔ وہ اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے، جس کے ساتھ ہی ان کی ریکارڈ ساز اننگز 202 رنز پر اختتام پذیر ہوئی۔

سری لنکا کی جانب سے ڈنتھ ویلالاگے نے دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ اسیتھا فرنینڈو اور جنتھ لیاناگے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کی ریکارڈ ساز بیٹنگ کے بعد سری لنکا کو میچ جیتنے کے لیے 430 رنز کا ہدف ملا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کو اسی گراؤنڈ پر 20 اکتوبر، منگل کو پاکستان کے خلاف سہ ملکی سیریز کے افتتاحی میچ میں 87 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس میچ کے بعد انگلش کپتان ہیری بروک نے اپنے بیٹرز پر زور دیا تھا کہ وہ زیادہ مثبت انداز اپنائیں۔ سری لنکا کے خلاف ان کی اپنی اننگز اسی جارحانہ حکمت عملی کا نمایاں مظاہرہ رہی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.