ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد سری لنکا نے تین میچز پر مشتمل سیریز دو ایک سے اپنے نام کرلی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 40 اوورز میں 187 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 10 رنز کے مجموعی اسکور پر تین کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئیں۔ صدف شمس 9، سدرا امین اور عائشہ ظفر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں۔
جمہوریت الیکشن کا نام نہیں بلکہ ایک سیاسی تسلسل ہے جس کیلئے آزاد صحافت ناگزیر ہے، جسٹس (ر) مقبول باقر
مشکل صورتحال میں گل فیروزہ اور منیبہ علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 68 رنز کی شراکت قائم کی۔ گل فیروزہ نے 40 جبکہ منیبہ علی نے 34 رنز بنائے۔ اس کے بعد کپتان فاطمہ ثنا نے 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 41 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم پوری ٹیم 40 اوورز میں 187 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے کپتان چماری اتاپتو، چیتھانا اور کویشا دلہاری نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ویمنز ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 188 رنز کا ہدف 38ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ہرشیتھا نے 71 جبکہ ہسنی پریرا نے 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ کپتان چماری اتاپتو نے 52 رنز بنائے۔
اس کامیابی کے ساتھ سری لنکا نے تین میچز کی ون ڈے سیریز دو ایک سے جیت لی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز جمعے سے شروع ہوگی۔