عالمی شہرت یافتہ میوزک بینڈ بی ٹی ایس کے رکن جنگ کوک کے گھر کی گھنٹی بار بار بجانے والی ایک برازیلین خاتون کو ایک سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کو متعدد بار تنبیہ کیے جانے اور گلوکار کے گھر سے دور رہنے کی ہدایات کے باوجود ان کی رہائش گاہ پر بار بار جانے کے الزام میں سزا سنائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق یہ خاتون پہلی مرتبہ گزشتہ سال دسمبر میں جنگ کوک کا پیچھا کرتے ہوئے ان کے گھر پہنچی تھی، جہاں اس نے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی اور تصاویر اور خطوط پھینک کر خلل پیدا کیا۔
مزید بتایا گیا کہ 13 دسمبر کو خاتون ایک فوڈ ڈیلیوری ورکر کا پیچھا کرتے ہوئے دوبارہ جنگ کوک کے گھر پہنچی اور مبینہ طور پر 133 مرتبہ گھر کی گھنٹی بجائی، جس پر پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔ تاہم ایک روز بعد اسے اس شرط پر رہا کر دیا گیا کہ وہ دوبارہ گلوکار کے گھر کے قریب نہیں آئے گی۔
یورپ میں گرمی سے ایک ہفتے میں 1300 اضافی اموات ہوئی، ڈبلیو ایچ او
رپورٹ کے مطابق خاتون نے پولیس کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے دوبارہ جنگ کوک کے گھر جانا جاری رکھا۔ پولیس کی بار بار تنبیہ کے باوجود وہ مسلسل ان کی رہائش گاہ کے چکر لگاتی رہی، جس کے بعد فروری میں اس کا مقدمہ استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا۔
عدالتی کارروائی کے دوران بتایا گیا کہ خاتون تقریباً 22 مرتبہ جنگ کوک کی رہائش گاہ پر گئی تھی۔ عدالت نے پولیس احکامات کی خلاف ورزی اور مسلسل ہراسانی کے باعث اسے ایک سال قید کی سزا سنا دی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر خاتون کی جانب سے دائر کی جانے والی ممکنہ اپیل مسترد ہو جاتی ہے تو اسے جنوبی کوریا سے بے دخل بھی کیا جا سکتا ہے۔