اینکر پرسن ربعیہ احسن کے پراسرار قتل کیس میں گرفتار ان کے شوہر کا عدالت نے مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم شوہر کا پولی گرافی ٹیسٹ تاحال نہیں ہوسکا، جبکہ ان کا پولی گرافک فرانزک ٹیسٹ 16 نومبر کو مقرر ہے۔
سب انسپکٹر منتظر نے عدالت کو بتایا کہ 16 نومبر بروز پیر پولی گرافک فرانزک ٹیسٹ کے لیے لاہور جانا ہے، لہٰذا ملزم کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جاتی ہے۔
دہشتگرد پارٹی کا الزام؛ مرکزی مسلم لیگ کا مریم نواز کو قانونی نوٹس، معافی کا مطالبہ
اس موقع پر وکیل صفائی نے کہا کہ انہیں جسمانی ریمانڈ پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ بعد ازاں سینئر سول جج نصراللہ وٹو نے ملزم کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
عدالت نے تفتیش مکمل کرکے ملزم کو 19 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
دوسری جانب راولپنڈی میں اینکر پرسن ربعیہ کے قتل کیس میں میاں بیوی کے تعلقات سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ربعیہ اور گرفتار ملزم شوہر احسن کے درمیان سیلون کے معاملے پر ایک مرتبہ جھگڑا ہوا تھا۔ ملزم احسن نے دورانِ تفتیش اپنی ازدواجی زندگی اور سیلون کے تنازعے سے متعلق تفصیلی بیان بھی ریکارڈ کروایا ہے۔
ملزم نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس نے 2010 میں ربعیہ سے پسند کی شادی کی تھی اور دونوں ایک نجی بینک میں ساتھ کام کرتے تھے۔ بینک کی ملازمت کے بعد دونوں نے ایک موبائل نیٹ ورک کمپنی میں بھی ملازمت اختیار کی، جبکہ ربعیہ کو برٹش ہائی کمیشن میں بھی ملازمت مل گئی تھی۔
ملزم کے مطابق کورونا وبا کے دوران ربعیہ نے اسلام آباد میں اپنا سیلون کھولنے کا فیصلہ کیا تھا، جس میں اس نے بھی ان کا ساتھ دیا۔
ملزم نے دعویٰ کیا کہ سیلون میں کام کرنے والی دو خواتین ملازمین کے درمیان تنازعے کے باعث میاں بیوی کے درمیان ناراضگی پیدا ہوئی تھی۔ ایک ملازمہ نے دوسری کو ملازمت سے نکلوانے کے لیے اس پر تعلقات کا الزام عائد کیا تھا۔ ملزم کے مطابق اس نے الزام کی تردید کرتے ہوئے ربعیہ کو یقین دلایا، جس کے بعد دونوں کے درمیان ناراضگی ختم ہوگئی تھی۔
ملزم نے مزید دعویٰ کیا کہ اس واقعے کے علاوہ 16 سالہ ازدواجی زندگی کے دوران ان کے درمیان کبھی کوئی تنازع نہیں ہوا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ شام کو ربعیہ کے ساتھ جم جاتا تھا، جہاں دونوں بیڈمنٹن کھیلتے تھے۔ ملزم نے ربعیہ کو ایک محنتی خاتون قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی محنت سے پیشہ ورانہ زندگی میں مقام بنایا تھا۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق دونوں میاں بیوی کے موبائل فونز کے تجزیے کے دوران باہمی ناراضگی کے شواہد نہیں ملے۔ ملزم احسن نے بھی دورانِ تفتیش میاں بیوی کے درمیان مسلسل خراب تعلقات سے متعلق دعوؤں کی تردید کی ہے۔



