شاہ رخ خان نے اپنے گھر منت اور گھریلو زندگی کے بارے میں ایک دلچسپ بات بتا کر سب کو ہنسا دیا ہے۔

دبئی میں ایک تقریب میں کرن جوہر نے ان سے پوچھا کہ گھر میں انہیں کون سے کام کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ اس پر شاہ رخ نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں اپنے ہی گھر میں کچھ بھی کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ منت دراصل ان کی اہلیہ گوری خان کا ہے، اور گھر کے معاملات میں ان کی مرضی نہیں چلتی۔ وائی فائی ہو، بستر پر کھانا ہو، دیواروں کے رنگ، پینٹنگز، سیڑھیاں، لائٹس یا فرنیچر، کسی چیز پر وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔
شاہ رخ نے گوری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم تو بس گھر میں بیٹھتے ہیں، انجوائے کرتے ہیں اور کہتے ہیں واہ گوری، تم نے کیا گھر بنایا ہے۔
اسی دوران وہ جذباتی بھی ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ کم عمری میں والدین کے انتقال کے بعد زندگی میں بہت اتار چڑھاؤ دیکھے، اور گوری سے شادی سے پہلے ان کے پاس اپنا کوئی گھر نہیں تھا۔
ان کے لیے اپنا ذاتی گھر ہونا سب سے بڑے خوابوں میں سے ایک تھا، جو پورا ہوا۔ اسی لیے منت ان کے لیے صرف ایک عمارت نہیں، بلکہ ایک جذباتی وابستگی اور کامیابی کی علامت ہے۔



