لاہور: مرکزی مسلم لیگ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پارٹی کے خلاف مبینہ بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔

پارٹی کی جانب سے جاری کردہ قانونی نوٹس میں وزیراعلیٰ پنجاب سے 7 روز کے اندر معافی مانگنے، سوشل میڈیا پر موجود متعلقہ پوسٹیں حذف کرنے اور آئندہ اس نوعیت کے الزامات عائد کرنے سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
قانونی نوٹس میں مریم نواز سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ 7 روز کے اندر عائد کردہ الزامات پر معافی مانگیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس سمیت دیگر ذرائع سے مبینہ بے بنیاد الزامات پر مشتمل پوسٹیں ڈیلیٹ کریں۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب تحریری یقین دہانی کروائیں کہ وہ آئندہ اس نوعیت کے ہتک آمیز الزامات نہ تو دہرائیں گی، نہ شائع کریں گی اور نہ ہی کسی دوسرے ذریعے سے انہیں پھیلائیں گی۔
غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی اور اغواء کا کیس: گرفتار ملزم کی ضمانت منظور
قانونی نوٹس کے مطابق اگر مریم نواز نے 7 روز کے اندر معافی نہ مانگی تو مرکزی مسلم لیگ قانونی کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
یہ قانونی نوٹس مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی ہدایات پر ایڈووکیٹ محمد عامر حبیب کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باقاعدہ رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے۔ مریم نواز نے اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور الیکٹرانک میڈیا پر مرکزی مسلم لیگ کو ’’غیر قانونی پارٹی‘‘ اور ’’دہشت گرد پارٹی‘‘ قرار دیا، جنہیں پارٹی نے بے بنیاد الزامات قرار دیا ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ نے 2024 کے عام انتخابات میں اپنے انتخابی نشان ’’کرسی‘‘ پر حصہ لیا تھا، جبکہ 8 نومبر 2026 کو حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب میں بھی دوسری بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی۔
مرکزی مسلم لیگ نے قانونی نوٹس کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ الزامات پر معافی مانگیں اور آئندہ پارٹی کے خلاف کسی بھی قسم کے ہتک آمیز الزامات عائد کرنے سے گریز کریں۔



