چیٹ جی پی ٹی نے کاروباری دنیا میں قدم جمالیے، نیا فیچر متعارف
اوپن اے آئی نے اب چیٹ جی پی ٹی میں کاروباری اداروں کے لیے نئے بزنس پروفائلز لانچ کر دیے ہیں۔ اس کے بعد گوگل کے ساتھ اس کا مقابلہ اور بھی تیز ہو گیا ہے۔

یہ فیچر فی الحال بیٹا ورژن میں بزنس ہب کے ذریعے مل رہا ہے۔ اس میں کاروباری ادارے اپنے پروفائل کی ملکیت لے سکیں گے، اپنی شناخت کی تصدیق کرا سکیں گے اور اپنی معلومات خود اپ ڈیٹ کر سکیں گے۔
کمپنیاں اب اپنی مصنوعات، خدمات، قیمتوں، دستیابی اور ویب سائٹ کی تفصیلات چیٹ جی پی ٹی پر دے سکیں گی۔ اس سے صارفین کو مختلف چیزوں کا موازنہ کرنے اور خریداری کا فیصلہ کرنے میں آسانی ہوگی۔
اس کے ساتھ ہی کاروباروں کے لیے تجزیاتی ٹولز بھی دیے گئے ہیں۔ ان سے کمپنیوں کو پتا چلے گا کہ لوگ چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے ان تک کیسے پہنچ رہے ہیں، ان کا نام کتنی بار آیا، ویب سائٹ پر کتنے کلکس آئے اور کس موضوع پر لوگوں نے ان کو تلاش کیا۔
پرائیویسی کے حوالے سے کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ساری معلومات مجموعی اعداد کی شکل میں ہوں گی، کسی بھی صارف کی ذاتی چیٹ کاروبار کو نہیں دکھائی جائے گی۔
ایک اور بڑی سہولت یہ ہے کہ کاروبار اپنے مخصوص اے آئی ایجنٹس بھی بنا سکیں گے، جو صارفین کے سوالات کے جواب دیں گے۔ جیسے کسی پروڈکٹ کی خصوصیات، تکنیکی تفصیلات یا واپسی کی پالیسی کے بارے میں پوچھنا ہو تو جواب چیٹ جی پی ٹی میں ہی مل جائے گا، کسی اور ویب سائٹ پر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یہ ایجنٹس عام چیٹ سے الگ کام کریں گے اور صارف کو واضح طور پر بتایا جائے گا کہ یہ ایجنٹ کسی کمپنی کی نمائندگی کر رہا ہے۔
فی الحال بزنس ایجنٹس کی سہولت امریکا میں ای کامرس اور آن لائن سروسز دینے والی کمپنیوں کے لیے ہے، جبکہ بزنس پروفائلز ان تمام مارکیٹوں میں مل رہے ہیں جہاں چیٹ جی پی ٹی موجود ہے۔



