سینئر وکیل اور پاکستان بار کونسل کے رکن احسن بھون نے کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف پنجاب ڈیفیمیشن ٹربیونل میں 5 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا ہے۔

احسن بھون کی جانب سے پنجاب ڈیفیمیشن ٹربیونل میں دائر کیے گئے دعوے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کیپٹن (ر) محمد صفدر نے ان کی ڈگری اور وکالت کی اہلیت سے متعلق ہتک آمیز بیانات دیے۔ دعوے کے مطابق احسن بھون نے قانون کی ڈگری پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کی ہے، جس کی متعلقہ اداروں سے تصدیق بھی ہوچکی ہے۔
ایل پی جی سستی نہ ہوسکی، کراچی میں 530 روپے میں فی کلو پر فروخت جاری
دعویٰ میں مزید کہا گیا ہے کہ کیپٹن (ر) محمد صفدر کے بیانات سے احسن بھون کی قانونی خدمات اور پیشہ ورانہ ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔
احسن بھون نے دعوے میں استدعا کی ہے کہ کیپٹن (ر) محمد صفدر کو اپنے بیانات واپس لینے، غیر مشروط معافی مانگنے اور آئندہ اس نوعیت کے بیانات دینے سے روکنے کا حکم دیا جائے۔ اس کے علاوہ ایک ارب روپے عمومی ہرجانے، 2 ارب روپے خصوصی ہرجانے اور 2 ارب روپے تعزیری ہرجانے کی ادائیگی کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
دوسری جانب ڈیفیمیشن ٹربیونل نے احسن بھون کے دعوے کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد صفدر کو 11 نومبر کے لیے نوٹس جاری کردیا ہے۔



