پیٹرول ریلیف سکیم ، حکومت کا عوام کو مزید ریلیف دینے کا اعلان
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور امریکا کی جنگ کے باعث عالمی سطح پر بحران پیدا ہوا ہے، آبنائے ہرمز کی بندش سے تیل کی رسد متاثر ہو رہی ہے اور دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، جس سے مختلف ممالک کی معیشتوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان بھی دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی فیول ریلیف اسکیم سے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں اور اس کا دائرہ کار بڑھانے پر بھی غور کیا جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی ختم کرانے کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہے تاکہ امن قائم ہو اور تیل کی قیمتوں میں کمی کی راہ ہموار ہو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی ملاقات میں عوام کو ریلیف دینے کی تجاویز پر غور کے لیے کمیٹی بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔
دوسری جانب رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت عام آدمی کی مشکلات کم کرنے کے لیے مزید اقدامات کر رہی ہے اور جماعت اسلامی کی تجاویز کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ خطے میں امن کے قیام اور معاشی مشکلات میں کمی کے لیے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی سفارتی کوششوں میں تعاون کریں۔
حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد مطالبہ کیا تھا کہ پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے، بصورتِ دیگر جماعت اسلامی نومبر کے وسط میں اسلام آباد مارچ کرے گی۔ ان کے مطابق وزیراعظم نے عوامی ریلیف سے متعلق تجاویز پر مزید غور کے لیے 7 سے 10 دن کی مہلت مانگی ہے۔



