کراچی: سندھ کابینہ نے سندھ پبلک سروس کمیشن میں اصلاحات کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت مشترکہ مسابقتی امتحان (سی سی ای) میں شرکت کے لیے عمر کی حد اور امتحان میں حصہ لینے کے مواقع بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت سی ایم ہاؤس میں صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سندھ پبلک سروس کمیشن میں اصلاحات سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
کپتانوں کا اجلاس، باضابطہ ڈرا کی تقریب اور ٹرافی کی رونمائی اسلام آباد میں منعقد
ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں سندھ کابینہ نے مشترکہ مسابقتی امتحان کے لیے عمر کی بالائی حد 30 سال سے بڑھا کر 33 سال کرنے کی منظوری دے دی۔ اس فیصلے کا مقصد امیدواروں کو امتحان میں شرکت کے لیے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔
سندھ کابینہ نے سی سی ای امتحان میں شرکت کے مواقع بھی 3 سے بڑھا کر 5 کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ سی سی ای 2026 کے لیے کامیابی کا کم از کم معیار 40 فیصد سے کم کرکے 33 فیصد کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ، سندھ کابینہ نے ایک پرچے پر مشتمل امتحانات کے لیے کمپیوٹرائزڈ ٹیسٹنگ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا ہے، جس کے تحت امتحانی عمل کو کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔



