وزیر داخلہ محسن نقوی نے جعلساز کی جانب سے لوٹی گئی رقم لائبہ کے والد کے حوالے کردی

وزیر داخلہ محسن نقوی نے جعلساز کی جانب سے لوٹی گئی رقم لائبہ کے والد رانا اعجاز کے حوالے کردی۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد سہیل چوہدری بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے لائبہ کے والد کو 50 لاکھ روپے سے زائد کی رقم دے دی، جبکہ لائبہ سے لوٹی گئی باقی رقم کی واپسی کی بھی یقین دہانی کروائی۔
اسلام آباد میں شیشہ کیفوں پر تاحکم ثانی پابندی برقرار، عدالتی فیصلہ جاری
دریں اثنا، گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز کی خودکشی کے معاملے میں آئی جی اسلام آباد سہیل چوہدری لائبہ اعجاز کے گھر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے لائبہ کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا۔
وزیر داخلہ کا شکریہ، عوام کے میرے ساتھ ہونے سے سکون ملتا ہے: والد لائبہ
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لائبہ کے والد رانا اعجاز نے کہا کہ وہ وزیر داخلہ سمیت سب کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کو وہ کبھی بھول نہیں سکتے، تاہم پاکستانی عوام کے ان کے ساتھ ہونے سے انہیں سکون ملتا ہے۔
رانا اعجاز نے کہا کہ ان کی بیٹی بیرون ملک جانا چاہتی تھی اور ملک کی خدمت کرنے کی خواہشمند تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے انہیں ہمیشہ حوصلہ ملا۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔ ملزم نے مانسہرہ میں بھی بچیوں سے پیسے لے رکھے تھے۔
لائبہ کے والد کا کہنا تھا کہ ان کی جو رقم تھی، وہ انہیں واپس دے دی گئی ہے۔
ملزم نعمان نے لائبہ سمیت 22 افراد کے ساتھ فراڈ کیا
ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم نعمان نے لائبہ کے علاوہ 21 دیگر افراد کے ساتھ بھی فراڈ کیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نعمان سے 21 جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹر برآمد ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نعمان نے 21 مختلف افراد کو وزارتِ دفاع میں ملازمت کے جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹر دیے اور ان کے عوض رقم وصول کی۔ ملزم نعمان نے اپنے 4 کزنوں کو بھی جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹر دیے۔



