اٹارنی جنرل پاکستان بیرسٹر منصور عثمان اعوان نے کہا ہے کہ دنیا کی آدھی آبادی خواتین کی ہے، ہمیں انہیں آگے بڑھنے کا حق دینا چاہیے۔

گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی اسکول میں ہائی ایچیورز 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلبہ نے کارکردگی دکھائی ہے، اب ہم پر فرض ہے کہ ہم بھی اپنے حصے کا کام کریں اور اسکولز اور کالجز کو بہتر کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم جلد ضلع خوشاب میں ایک یونیورسٹی بھی قائم کریں گے، اس سلسلے میں تیزی سے کام جاری ہے۔ ہم سب سے پہلے گرلز اسکولز میں کمپیوٹر لیبز ترجیحی بنیادوں پر قائم کریں گے اور جہاں موجود ہیں انہیں اپ گریڈ کریں گے۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ بہت سے طلبہ نے نہم جماعت میں نمایاں کارکردگی دکھائی، اب سوال ہے کہ ان میں سے کتنی طالبات آگے بڑھ کر ڈاکٹر، انجینئر بن پائیں گی، یہ معاشرے اور وسائل پر منحصر ہے۔
انہوں نے گورنمنٹ پریکٹسنگ اسکول جوہرآباد کی طالبہ طیبہ کو آؤٹ اسٹینڈنگ نمبرز لینے پر سراہا اور کہا کہ اگر طالبات کو اللہ کی مدد اور والدین کی سپورٹ ہو تو کوئی انہیں نہیں روک سکتا۔ تقریب میں 92 فیصد سے زائد نمبر لینے والے طلبہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔



