اسلام آباد ہائیکورٹ، عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کیس کی سماعت 23 نومبر تک ملتوی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ بند کرنے سے متعلق کیس میں بیرسٹر گوہر کو تحریری جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دے دی، جبکہ عدالت نے مزید سماعت 23 نومبر تک ملتوی کر دی۔
وزارت خارجہ نے دستاویزات کی تصدیق کیلئے مکمل ڈیجیٹل نظام کروادیا
اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس ارباب محمد طاہر نے غلام مرتضیٰ کی درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر بیرسٹر گوہر ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا خالد یوسف چوہدری اور شمسہ کیانی سمیت این سی سی آئی اے کے حکام بھی موجود تھے۔
سماعت کے دوران جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ بیرسٹر گوہر کو ذاتی حیثیت میں طلب نہیں کیا گیا تھا بلکہ انہیں صرف تحریری جواب جمع کرانا چاہیے تھا۔
اس پر بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف اس ایکس اکاؤنٹ کی ملکیت کا دعویٰ نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ حالات تبدیل ہو چکے ہیں، اس لیے جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔
عدالت نے بیرسٹر گوہر کی استدعا منظور کرتے ہوئے تحریری جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دے دی اور کیس کی مزید سماعت 23 نومبر تک ملتوی کر دی۔



