وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیہی خواتین کی عظمت، قربانی اور انتھک محنت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیہی خواتین محنت، محبت، احساسِ ذمہ داری اور ایثار کی روشن مثال ہیں۔ ان کی محنت سے پنجاب کی زمینیں لہلہاتی ہیں، گھر آباد ہوتے ہیں اور معیشت مضبوط ہوتی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ دیہی خواتین محض محنت کش نہیں بلکہ پنجاب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دیہی خواتین سمیت ہر عورت کا تحفظ ان کی ریڈ لائن ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ دیہی خواتین صرف کسان بن کر نہ رہیں بلکہ فیصلہ سازی میں حصہ لینے کے ساتھ معاشی طور پر بھی مضبوط اور خودمختار بنیں۔
فیلڈ مارشل سے روسی وزیر داخلہ کی ملاقات، سیکیورٹی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مضبوط، خودکفیل اور خوشحال پنجاب کی تعمیر دیہی خواتین کے کردار کے بغیر ممکن نہیں۔ حکومت نے دیہی خواتین کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے، سہولیات کی فراہمی اور ہنرمندی کے پروگرام شروع کیے ہیں، جبکہ خواتین کسان کارڈ، لائیوسٹاک کارڈ اور ہمت کارڈ سے بھی فائدہ اٹھا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دیہی خواتین کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پنجاب کے تمام بنیادی مراکزِ صحت کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ کاروبار کے لیے بلاسود قرضوں، لیپ ٹاپ اور تعلیمی وظائف کے ذریعے دیہی طالبات اور خواتین کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کی کوششیں جاری ہیں۔
مریم نواز کے مطابق دیہی خواتین کو ترقی کے عمل میں مؤثر طور پر شریک کرنے کے لیے اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ خواتین کو خود روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مویشی بھی دیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ورچوئل پولیس اسٹیشن قائم کیا گیا ہے، تاکہ ہر طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین کو تحفظ اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔



