اسلام آباد: پاکستان سے یورپ کی جانب غیرقانونی امیگریشن میں 64 فیصد ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔
انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ اور یورپی یونین کی بارڈر اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی نے غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے پاکستان کے مؤثر اقدامات کو سراہا ہے۔
ہاکی انڈیا نے پاکستان کی نیوٹرل وینیوپر میچز کی درخواست مسترد کردی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ (آئی سی ایم پی ڈی) سوزین راب اور یورپی یونین کی بارڈر اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی فرنٹیکس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہانس لیئتنس نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ اور یورپی یونین کی بارڈر اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی کے ساتھ باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ غیرقانونی امیگریشن کے سدباب اور بارڈر مینجمنٹ کے لیے مشترکہ اقدامات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود غیرقانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی ایک چیلنجنگ ٹاسک تھا۔ غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور پوری ٹیم نے دن رات محنت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ غیرقانونی امیگریشن میں 100 فیصد کمی اگلا ہدف ہے، جسے ہر صورت حاصل کریں گے۔ غیرقانونی مائیگریشن میں کمی کے لیے لیگل مائیگریشن کی نئی راہیں کھولنا ضروری ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور افسران کی ٹریننگ کی ضرورت ہے، جبکہ بارڈر مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے دور جدید کے تقاضوں کے مطابق اداروں کی استعدادِ کار بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیرقانونی امیگریشن کے مکمل خاتمے کے لیے مزید عملی اقدامات اور مربوط تعاون کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے تمام ایئرپورٹس کے 500 امیگریشن کاؤنٹرز پر جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیمرے نصب کرنا ہدف ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق جدید کیمروں کے ذریعے غیرقانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کو فوری طور پر قانون کی گرفت میں لایا جا سکے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ اور یورپی یونین کی بارڈر اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی کے ساتھ تعاون کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آئی سی ایم پی ڈی سوزین راب نے کہا کہ پاکستان کی غیرقانونی امیگریشن کے خلاف کاوشیں قابلِ تعریف ہیں۔ آئی سی ایم پی ڈی کے وفد نے ایف آئی اے کی رسک اینالیسس رپورٹ کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ غیرقانونی امیگریشن کے مکمل خاتمے کے ہدف کے حصول میں پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
فرنٹیکس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہانس لیئتنس نے کہا کہ پاکستان کی غیرقانونی امیگریشن کے سدباب کے لیے اٹھائے گئے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی امیگریشن کے مکمل خاتمے کے مقرر کردہ ہدف کے حصول میں ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔
فرنٹیکس کے وفد میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل ریلیشنز، گورننس اینڈ اسٹریٹیجی ایوا کاپونا، ڈائریکٹر انٹیلیجنس ڈویژن اسٹیفانو فیلا، ہیڈ آف یونٹ فار انٹرنیشنل کوآپریشن جان وائیسٹل اور سینئر لائژن آفیسر ٹو پاکستان رالف شوئپفلن شامل تھے۔
وزیر مملکت طلال چوہدری، اسپیشل سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے بھی اس موقع پر موجود تھے۔